پاکستان میں سب سے بڑا ڈیٹا سینٹر بنانے کا فیصلہ، 600 ملین ڈالر تک سرمایہ کاری متوقع

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاکستان میں سب سے بڑا ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس منصوبے میں کیو جی ڈی سی نے 230 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہ جبکہ آئندہ تین سے چار برسوں میں یہ سرمایہ کاری بڑھ کر600 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے تفصیلات کے مطابق گل احمد انرجی گروپ کا کوانٹم گلوبل ڈیٹا سینٹر (کیو جی ڈی سی) نے ایک ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کے لیے 230 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر شعبے میں اس کی توسیع کی علامت ہے۔ یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب کیو جی ڈی سی اور ہوائی پاکستان نے کراچی میں منعقدہ کیو سمٹ کے دوران ایک اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے جو پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں اہم سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ آئندہ تین سے چار برسوں میں یہ سرمایہ کاری بڑھ کر600 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

بیان کے مطابق یہ تعاون جدید ترین سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے ٹیئر تھری ڈیٹا سینٹر کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا جس سے ملک کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور جدت پر مبنی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ یہ منصوبہ پاکستان کے سب سے بڑے ٹئیر تھری ڈیٹا سینٹر کے قیام پر مشتمل ہوگا جسے انتہائی مضبوط، محفوظ اور توسیع پذیر ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت کے ورک لوڈز، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل فنانس، ای-گورنمنٹ سروسز اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی ایپلی کیشنز کی معاونت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی ہوسٹنگ صلاحیتوں کو بہتر بنانا، ڈیٹا خودمختاری کو مضبوط کرنا اور سرکاری و نجی دونوں شعبوں میں جدید ڈیجیٹل خدمات کے استعمال کو تیز کرنا ہے۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *