اسلام آباد: ایڈوائزر ٹو وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر اوورسیز پاکستانی امریکن ممتاز کشمیری وصحافی راہنما خواجہ محمد فاروق نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کی سیاست، جمہوریت اور آئینی نظام کو سبوتاژ کرنے کی جو کوشش کر رہی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایکشن کمیٹی بیرونی طاقتوں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی تخلیق ہے اور اس کے بعض مطالبات کشمیر کاز کے لیے نقصان دہ ہیں۔
خواجہ محمد فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں پاکستان کے لیے مختص بارہ نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ دراصل کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر جمہوری ملک میں آئین سازی اور قانون سازی کا اختیار منتخب اسمبلیوں کے پاس ہوتا ہے، نہ کہ چند افراد یا گروہوں کے دباؤ پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ آئین اور قانون میں تبدیلی صرف پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں کا اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر آزاد کشمیر میں انتشار اور خون خرابہ چاہتے ہیں تاکہ بھارت اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکے، تاہم آزاد کشمیر کے عوام باشعور ہیں اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھیں گے۔
خواجہ محمد فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے اور یہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔ انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی اور دیگر سیاسی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری نظام کا حصہ بنیں، انتخابات میں حصہ لیں اور اگر ان کے کوئی جائز مطالبات ہیں تو منتخب نمائندوں کے ذریعے اسمبلی اور پارلیمنٹ میں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جتھوں یا دباؤ کی سیاست کے ذریعے نہ قانون سازی ہو سکتی ہے اور نہ ہی آئینی تبدیلیاں ممکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصول پر قائم ہیں۔ پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
خواجہ محمد فاروق نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز رٹھور کو ایک محب وطن اور عوام دوست رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر عوام کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں اور پاکستان کے لیے مختص بارہ نشستوں پر بھی انتخابات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی نئی منتخب اسمبلی مستقبل کے اہم فیصلے کرنے کی مجاز ہوگی اور وفاقی حکومت کے تعاون سے عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔ خواجہ محمد فاروق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی ذاتی طور پر آزاد کشمیر کے معاملات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ مل کر کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری بھی آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام برقرار رہے اور انتخابات بروقت اور شفاف انداز میں منعقد ہو سکیں۔

Leave a Reply