پاکستان کی تاریخی کامیابی: افغانستان کو شکست دے کر 1962 کے بعد پہلی بار انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) افغانستان کو ہرا کر پاکستان 1962 کے بعد پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا عمر نواز کے ابتدائی اور ہارون حمید کے آخری لمحات میں کیے گئے شاندار گول کی بدولت پاکستان نے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے اہم گروپ میچ میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے چار ملکی ایونٹ کے راؤنڈ رابن مرحلے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ پاکستانی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں شائق دوست کی عمدہ کراس پر عمر نواز نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا،

تاہم انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں عادل نبی کے پاس پر ہارون حمید نے زوردار شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 10 جون کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ افغانستان یا بنگلہ دیش میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔ یہ قومی فٹبال ٹیم کی ایک تاریخی کامیابی بھی ہے، کیونکہ پاکستان 1962 کے مردیکا کپ کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ مزید برآں، مالدیپ کے خلاف حالیہ 3-0 کی فتح کے بعد یہ قومی ٹیم کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، جس نے شائقین فٹبال میں نئی امید پیدا کر دی ہے۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *