اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) حج ڈیجیٹل پورٹل شروع ہونے کے بعد 13,260 عازمین نے حج واجبات کی پہلی قسط کی ادائیگی کے لیے مختلف ادائیگی کے ذرائع سے 8.703 ارب روپے سے زائد جمع کرا دیے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ حج اپ ڈیٹ کے مطابق بینک کارڈز کے ذریعے مجموعی طور پر 2,006 آن لائن لین دین مکمل کیے گئے، جبکہ ون لنک پی ایس آئی ڈی ک ذریعے 4,615 ٹرانزیکشنز پراسیس کی گئیں۔عازمین کو ون لنک پی ایس آئی ڈی، بینک کارڈز اور دستی بینک چالان کے ذریعے حج واجبات جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
دریں اثنا، 6,761 عازمین حج نے حبیب بینک میں ڈیجیٹل چالان کے ذریعے اپنے واجبات جمع کرائے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شارٹ حج اسکیم کے تحت 7,000 عازمین کے واجبات کی ادائیگی بھی مکمل ہوچکی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے حج 2027 کی سرکاری اسکیم کے لیے 107,526 نشستیں مختص کی تھیں، جس کے تحت 40 روزہ حج پیکیج کی لاگت 1.2 ملین روپے جبکہ 20 سے 25 روزہ پیکیج کی قیمت 1.3 ملین روپے مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج 2027 کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت عازمین حج گھر بیٹھے درخواست دینے کا عمل مکمل کرنے، حج واجبات کی ادائیگی اور حج کے دیگر مراحل سے متعلق سہولیات حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔وفاقی وزیر کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی اولین ترجیح عازمین حج کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفری اخراجات اور انتظار کی زحمت سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

Leave a Reply