اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) حکومت اور اتحادی پیپلز پارٹی نے بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق کر لیا پیپلز پارٹی نے بجٹ منظور کروانے میں تعاون کیلئے گرین سگنل دے دیا پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین اور مزدور طبقے کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا مطالبہ کیا ہے پیپلزپارٹی حکومت سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ چاہتی ہے پیپلزپارٹی نے کم از کم ماہانہ اجرت 60 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافے اور کم از کم اجرت 45000 ہزار کرنے پر رضا مند ہے بجٹ تجاویز پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان بجٹ سمیت دیگر اہم سیاسی و معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، نوید قمر اور شیریں رحمان نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی کا ایک دوسرے کی بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ بعض قابلِ عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت کا عمل جاری رکھیں گی۔ذرائع کے مطابق وسائل اور درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں فریق ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کریں گے،
جبکہ پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں تعاون کیلئے گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد بھی دی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات سے قبل بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان الگ ملاقات بھی ہوئی، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر سے متعلق سیاسی صورتحال وزیراعظم کے سامنے رکھی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تمام معاملات بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔

Leave a Reply