اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے کویتی وفد نے جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں جانب سے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویتی وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کی بھی تعریف کی۔ملاقات میں پاکستان اور کویت نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو پائیدار دفاعی شراکت داری میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
کویت پاکستان کا دو طرفہ دفاعی معاہدہ کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ

Leave a Reply