اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت عارف ظفر منصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالمی تشخص بہتر بنانے کے لیے دنیا کے سامنے ملک کی حقیقی تصویر پیش کرنا ناگزیر ہے، جبکہ پاکستانی اور امریکی میڈیا کے درمیان روابط، عوامی سطح پر تبادلوں اور مشترکہ مکالمے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کے بارے میں جو منفی تاثر موجود ہے، وہ بڑی حد تک منظم پروپیگنڈے کا نتیجہ ہے۔ ان کے بقول برسوں سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں، تاہم اس کا مؤثر جواب صرف یہی ہے کہ پاکستان اپنی اصل کہانی دنیا کے سامنے خود پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ امریکی کاروباری وفد کے دورۂ پاکستان کے تین بنیادی مقاصد سرمایہ کاری میں اضافہ، تربیت اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام اہداف کی بنیاد باہمی اعتماد ہے، جس کے بغیر پائیدار شراکت داری ممکن نہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی اور امریکی صحافیوں کے درمیان تبادلوں، مشترکہ سیمینارز، پینل مباحثوں اور آن لائن مکالموں کا آغاز کیا جانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے میڈیا کو ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملے۔ ان کے مطابق ایسے روابط نہ صرف غلط فہمیوں کو کم کریں گے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت میں الفاظ کے درست انتخاب کی غیر معمولی اہمیت ہے، کیونکہ ایک ہی واقعے کو مختلف اصطلاحات کے ذریعے مختلف انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے، جس سے عوامی رائے پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ اسی لیے ذمہ دار اور متوازن صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو برسوں میں پاکستان میں کئی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، تاہم عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کے لیے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول پاکستان بے پناہ صلاحیتوں، وسائل اور مواقع کا حامل ملک ہے، جس کی درست تصویر دنیا تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات محض ایک رسمی عشائیہ نہیں بلکہ پاکستانی اور امریکی میڈیا، کاروباری حلقوں اور عوام کے درمیان مستقبل کے مضبوط تعلقات اور دیرپا تعاون کی بنیاد ثابت ہوگی۔
پاکستان کا مثبت تشخص کے لیے عالمی روابط ناگزیرہیں،عارف ظفرمنصوری

Leave a Reply