پاکستان میں نئی نجی ایئر لائن: جیٹ گرین کا 30 ملین ڈالر کا پروجیکٹ منظور

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایس آئی ایف سی نے ایک دہائی سے زیر التوا منظوریوں کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرتے ہوئے ایم/ایس جیٹ گرین پرائیویٹ لمیٹڈ کے 30 ملین امریکی ڈالر کے ایئرلائن منصوبے کو آپریشنل مرحلے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ایس آئی ایف سی نے مؤثر مداخلت کے ذریعے مختلف متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے تعطل کے خاتمے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

کونسل نے ہوا بازی لائسنسنگ، سیفٹی جانچ، کمرشل پرمٹس اور ایئرلائن سرٹیفکیشن سمیت تمام مراحل میں مکمل سہولت فراہم کی، جس سے ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرتے ہوئے بیوروکریٹک تاخیر میں نمایاں کمی آئی۔ تمام اہم منظوریوں کے حصول کے بعد جیٹ گرین اب “فائل مرحلے” سے نکل کر آپریشنل تیاری کی جانب بڑھ رہی ہے، جو پاکستان کی ہوا بازی مارکیٹ میں ایک نئی نجی ایئرلائن کے داخلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس پیش رفت سے مسابقت میں اضافہ، سروس کے معیار میں بہتری اور ہوا بازی سے منسلک شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

یہ کامیابی ایس آئی ایف سی کے اس فعال کردار کو اجاگر کرتی ہے جس کے ذریعے رکے ہوئے منصوبوں کو بحال کیا جا رہا ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، تیز تر فیصلہ سازی اور اہم شعبوں کی جدید کاری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *