سان ڈیاگو اسلامک سینٹر پر نوعمر دہشت گردوں کا حملہ، تین نمازی شہید

 

پاک وطن رپورٹ
سان ڈیاگو، کیلیفورنیا — 19 مئی 2026

عید الاضحیٰ سے صرف ایک ہفتہ قبل، کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں پیر 18 مئی 2026 کی صبح کلیئر مونٹ کے علاقے میں واقع سان ڈیاگو کاؤنٹی کی سب سے بڑی مسجد، اسلامک سینٹر آف سان ڈیاگو پر دو نوعمر حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے تین نمازیوں کو شہید کر دیا۔

سان ڈیاگو پولیس چیف اسکاٹ وال کے مطابق صبح 11:40 پر فوجی وردی میں ملبوس 17 اور 18 سال کے دو لڑکوں نے مسجد کے مرکزی دروازے پر فائرنگ شروع کر دی۔ حملے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی گارڈ نے اپنی جان دے کر مسجد کے اندر موجود درجنوں بچوں اور نمازیوں کو بچا لیا، ورنہ نقصان کہیں زیادہ ہوتا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کو 11:43 پر کال موصول ہوئی اور چار منٹ میں بھاری نفری مسجد پہنچ گئی۔ افسران نے پورے کمپلیکس کو گھیرے میں لے کر اسکول میں موجود تمام بچوں کو بحفاظت نکالا۔

فائرنگ کے بعد دونوں حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس نے چند بلاک دور 3800 ہیٹن اسٹریٹ پر ایک گاڑی سے دونوں کی لاشیں برآمد کیں۔ حکام کے مطابق دونوں نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔

حیران کن طور پر حملے سے دو گھنٹے قبل، صبح 9:40 پر ایک حملہ آور کی ماں نے پولیس کو فون کر کے بتایا تھا کہ اس کا بیٹا “خودکشی کا رجحان رکھتا ہے” اور گھر سے تین ہتھیار اور گاڑی لے کر فرار ہو گیا ہے۔ اس نے ایک نوٹ بھی چھوڑا تھا۔ پولیس اس وقت لڑکے کو ڈھونڈ رہی تھی جب مسجد پر حملے کی کال آ گئی۔

گاڑی سے “ایس ایس” کا اسٹیکر اور ہتھیاروں پر اسلام مخالف نفرت انگیز نعرے ملے ہیں۔ پولیس اور ایف بی آئی اسے نفرت انگیز جرم قرار دے کر تحقیقات کر رہی ہیں۔

اسلامک سینٹر کے ڈائریکٹر امام طہٰ حسان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا: “ہم نے اپنی تاریخ میں ایسا سانحہ کبھی نہیں دیکھا۔ یہ عبادت گاہ ہے، میدان جنگ نہیں۔ یہاں ہم نماز پڑھتے ہیں، بچے پڑھتے ہیں، خوشیاں مناتے ہیں۔ ہمیں نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے”۔

یہ حملہ امریکہ میں مساجد پر ہونے والے حملوں کی طویل فہرست میں تازہ اضافہ ہے۔ 2019 میں ایسکونڈیڈو کی مسجد کو جلایا گیا تھا جو سان ڈیاگو سے صرف 30 میل دور ہے۔ 2017 میں مینیسوٹا کی مسجد پر بم پھینکا گیا تھا۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے کہا: “کیلیفورنیا نفرت کو برداشت نہیں کرے گا”۔ میئر ٹوڈ گلوریا نے مسلم کمیونٹی سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر تمام وسائل مہیا کرے گا۔

سان ڈیاگو اسلامک سینٹر 1980 سے قائم ہے اور 9/11 کے بعد سے متنازعہ رہا ہے۔ کیونکہ دو ہائی جیکرز نے کچھ عرصہ یہاں نماز ادا کی تھی۔

عید سے پہلے ہونے والے اس حملے نے پوری امریکی مسلم کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پولیس نے مسجد کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *