کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے بہادر آباد ایم کیو ایم مرکز کے قریب دو گروہوں کے درمیان تصادم کے معاملے پر پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ اقدامِ قتل، دہشت گردی، ہوائی فائرنگ، بلوے اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ اے ایس آئی مرزا انوربیگ کی مدعیت میں درج ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ رات 8 بجے بہادر آباد کلب چھوٹی مارکیٹ کے قریب پیش آیا،جہاں دو گروہوں کے درمیان تصادم ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عامر نامی شخص زخمی جبکہ اسد اور کاشر لڑائی جھگڑے اور بلوے کے دوران زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اظہرعرف لمبا اور ذیشان حبیب کے ساتھ 20 سے 25 افراد موجود تھے،جنہوں نے ایک دوسرے پر ہوائی فائرنگ کی اور جھگڑا کیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقدمے میں کسی سیاسی گروہ کا نام شامل نہیں کیا گیا جبکہ جھگڑے کی وجہ بھی درج نہیں کی گئی۔

Leave a Reply