ایران نے امریکہ کو جواب دے دیا

تہران ( ویب ڈیسک) ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کی 15 نکاتی جنگ بندی تجویز کا جواب دے دیا ہے، جس میں حملے بند کرنے، نقصانات کی تلافی اور تمام محاذوں پر امن قائم رکھنے پر زور دیا گیا۔ ایران نے جواب میں آبنائے ہرمز پر حاکمیت کے حق کو اجاگر کیا اور امریکی مذاکرات کے دعوؤں کو فریب قرار دیا اور عالمی برادری کو واضح کیا ہے کہ وہ اپنے شہری اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کو ایک باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بدھ کی شب امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 15 نکاتی تجویز کا باقاعدہ جواب بھیج دیا ہے، تہران اب امریکی ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران نے اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ دشمن کے حملوں اور قتل و غارت کے اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں، جنگ دوبارہ نہ شروع ہونے کے لیے ٹھوس اور قابل عمل شرائط طے کی جائیں اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کی تلافی اور معاوضے کی ضمانت دی جائے۔ایران نے زور دیا کہ جنگ کے خاتمے کے عمل کو تمام محاذوں اور تمام مزاحمتی گروپوں پر یکساں طور پر نافذ کیا جائے تاکہ خطے میں مستقل امن قائم ہو سکے۔ذرائع نے بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنی قانونی اور فطری حاکمیت کے حق کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے اور کہا کہ یہ حق تسلیم کرنا لازمی ہے تاکہ دوسری پارٹی اپنی ذمہ داریوں کی پابندی کرے۔ ایران کے مطابق یہ شرائط جنیوا میں حالیہ جوہری مذاکرات کے دوران طے شدہ مطالبات سے مختلف اور آزاد ہیں۔

مزید برآں، ذرائع نے خبردار کیا کہ ایران کے نزدیک امریکی دعوے مبنی بر مذاکرات درحقیقت ایک تیسرا فریب ہیں، جس کے ذریعے امریکا کئی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے:

  • عالمی سطح پر پرامن تاثر قائم کرنا کہ وہ جنگ ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔
  • عالمی تیل کی قیمتوں کو کم رکھنا۔
  • ایران کے جنوبی علاقے میں زمینی حملے کے لیے وقت حاصل کرنا۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *