لبنانی فوج کے سربراہ پاکستان پہنچیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات متوقع

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) لبنانی فوج کے سربراہ روڈولف ہیکل ہفتے کی رات پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق لبنان کی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ روڈولف ہیکل ’اپنے پاکستانی ہم منصب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ پاکستان روانہ ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری وسیع تر مذاکرات سے متعلق ہے۔ ہیکل کا دورہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان مسائل کے حل کے لیے پاکستانی ثالثی‘ سے متعلق ہے، کیونکہ دونوں ممالک مشرقِ وسطیٰ میں جاری علاقائی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ’لبنان ان مذاکرات کا ایک اہم حصہ ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کے کلیدی مذاکرات کار سمجھے جاتے ہیں۔ یہ جنگ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی تھی اور جلد ہی پورے خطے میں پھیل گئی۔ لبنان اس وقت جنگ میں شامل ہوا جب حزب اللہ نے 2 مارچ کو اسرائیل پر حملہ کیا۔ حزب اللہ نے یہ کارروائی 28 فروری کو ایران کے سپریم لیڈر کی امریکہ-اسرائیل کارروائی میں ہلاکت کے ردعمل میں کی تھی۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے فضائی حملوں کی وسیع مہم اور زمینی کارروائی شروع کی، جس میں تقریباً 3,600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاری جنگ بندی کے باوجود حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔ ایران کا اصرار ہے کہ علاقائی جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے میں لبنان کو شامل کیا جائے۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *