اسرائیل کی اسلحہ برآمدات کا نیا ریکارڈ! 19.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ ملک کی اسلحہ برآمدات مسلسل پانچویں سال ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں اور 2025 میں ان کا حجم 19.2 ارب ڈالر تک جا پہنچا، جس میں میزائل، راکٹ اور فضائی دفاعی نظاموں کی فروخت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اسرائیل دنیا کے بڑے اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اسرائیل نے دفاعی برآمدات کا اپنا ریکارڈ مسلسل پانچویں سال توڑ دیا ہے اور 2025 میں یہ حجم 19.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد زیادہ ہے۔

دفاعی برآمدات کا حجم گزشتہ پانچ برسوں میں دوگنا سے زیادہ اور ایک دہائی میں چار گنا ہو چکا ہے۔‘‘بیان میں کہا گیا کہ میزائل، راکٹ اور فضائی دفاعی نظام سب سے زیادہ برآمد ہونے والی دفاعی مصنوعات رہیں اور مجموعی سودوں میں ان کا حصہ 29 فیصد تھا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق نگرانی اور آپٹرانک مشاہداتی نظاموں (آبزرویشن اور آپٹرونکس سسٹم) کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسرائیلی دفاعی برآمدات کا 36 فیصد یورپی ممالک نے خریدا، جبکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کا حصہ 32 فیصد رہا۔ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ممالک نے 15 فیصد دفاعی برآمدات خریدیں۔

خبر شیئر کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *