بھارت: عام انتخاب کا پہلا مرحلہ، پولنگ جاری

بھارت میں عام انتخاب 2024ء کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 7 مرحلوں کے پہلے انتخابی مرحلے میں بھارت کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام 102 پارلیمانی نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں

پہلے مرحلے کے انتخابات میں 16.63 کروڑ ووٹرز 1605 امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

یہ انتخابات 7 مراحل میں یکم جون تک ہوں گے، جن کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا، ان انتخابات کے سب سے اہم امیدوار موجودہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

مودی انتخابات میں کامیاب ہونے کی صورت میں مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے بھارت کے دوسرے وزیرِاعظم ہوں گے، ان سے قبل جواہر لعل نہرو واحد بھارتی وزیرِ اعظم تھے جو مسلسل 3 بار اس منصب تک پہنچے تھے۔

حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کی جانب سے اس کے سب سے اہم امیدوار راہول گاندھی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکمراں جماعت بی جے پی کو ملک کی اکثریت ہندوؤں کی حمایت حاصل ہے۔

نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کے لیے حزبِ اختلاف کی 2 درجن جماعتوں نے ’انڈیا‘ کے نام سے سیاسی اتحاد تشکیل دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں حکومت سازی کے لیے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 میں کامیابی ضروری ہے۔

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *